ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / جھارکھنڈ اسمبلی انتخابات: کانگریس کا بی جے پی پر عوام کو گمراہ کرنے اور نفرت کی سیاست کرنے کا الزام

جھارکھنڈ اسمبلی انتخابات: کانگریس کا بی جے پی پر عوام کو گمراہ کرنے اور نفرت کی سیاست کرنے کا الزام

Sun, 03 Nov 2024 10:32:56  SO Admin   S.O. News Service

نئی دہلی، 3/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی ) جھارکھنڈ میں اسمبلی انتخابات کی تاریخ قریب آنے کے ساتھ ہی سیاسی گہماگہمی عروج پر ہے۔ کانگریس اور بی جے پی کے درمیان بیان بازی بھی تیز ہو گئی ہے۔ اسی سلسلے میں کانگریس نے ہفتے کے روز کہا کہ انڈیا بلاک جھارکھنڈ اسمبلی انتخابات میں ترقیاتی کاموں کی بنیاد پر عوام سے حمایت طلب کر رہا ہے، جبکہ بی جے پی نفرت اور تفرقہ کی سیاست کے ذریعے لوگوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

کانگریس جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کر بی جے پی اور اس کے لیڈران کو ہدف تنقید بنایا ہے۔ انھوں نے کہا کہ جھارکھنڈ کے لوگ کسی بھی طرح کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے اور کانگریس حمایت یافتہ اتحاد کو پھر سے خدمت کا موقع دیں گے۔ وہ لکھتے ہیں کہ ’’گزشتہ پانچ سالوں میں جھارکھنڈ کی انڈیا بلاک حکومت نے ریاستی عوام کی بہترین کے لیے کئی اقدام کیے ہیں۔ تعلیم سے لے کر صحت اور رہائش سے لے کر تحفظ تک ہر شعبہ میں بہترین کام ہوئے ہیں۔‘‘

اپنے پوسٹ میں جئے رام رمیش نے وزیر اعظم مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ کو ایک نیا نام ’موشاہ‘ بھی دیا۔ انھوں نے لکھا کہ ’’ریاستی حکومت اور وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کو غیر مستحکم کرنے کی ’موشاہ‘ کی تمام کوششوں کے درمیان حکومت کے فلاحی منصوبے عوام کو راحت فراہم کر رہی ہیں۔‘‘ انھوں نے حکومت کے کچھ اہم کاموں کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا کہ سائیکل تقسیم منصوبہ کے تحت 10 لاکھ بچوں کو سائیکل ملی۔ وزیر اعلیٰ معیاری اسکول منصوبہ کے تحت 80 اسکول میں سی بی ایس ای میڈیم سے پڑھائی شروع کی گئی۔ پنچایت سطح پر مجموعی طور پر 5 ہزار اسکولوں کو اعلیٰ معیاری بنایا جا رہا ہے۔

جئے رام رمیش نے یہ بھی مطلع کیا کہ پری اینڈ پوسٹ میٹرک اسکالرشپ کے تحت 35 لاکھ بچوں کو فائدہ ملا، ساوتری بائی پھولے کشوری خوشحالی منصوبہ کے تحت 9 لاکھ بچیوں کو 40 ہزار روپے (فی کس) کی امداد کی گئی اور جھارکھنڈ زرعی قرض معافی منصوبہ کے تحت تقریباً 6.5 لاکھ کسانوں کو 2 لاکھ روپے تک کا زرعی قرض معاف کیا گیا۔ کانگریس جنرل سکریٹری نے جھارکھنڈ حکومت کے کچھ دیگر منصوبوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم اس انتخاب میں اپنے کام کی بنیاد پر عوام کے درمیان جا رہے ہیں، جبکہ بی جے پی اپنی وہی پرانی نفرت اور رنجش کی سیاست کر کے جھارکھنڈ کے لوگوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔


Share: